Uncategorized

بھارت اپنے منافقانہ رویے میں تبدیلی کیلئے کبھی سنجیدہ نہیں ہوا، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے کشمیریوں کے خون کی قیمت پر مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی سے دوستی وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی مفاد میں تو ہوسکتی ہے، پاکستان کے مفاد میں نہیں، بھارتی وزیراعظم کے اچانک دورہ پاکستان پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے، کشمیر پر ریاست کے طے شدہ موقف سے ہٹ کر کوئی حل قبول نہیں۔ وہ شیعہ علماء کونسل ضلع شیخو پورہ کی تنظیم نو کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں امجد گیلانی کو ضلعی صدر منتخب کرلیا گیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات ہونے چاہیں، قوم سے مذاق نہیں، بھارت اپنے منافقانہ رویے میں تبدیلی کیلئے کبھی سنجیدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مودی بنگلہ دیش میں فخریہ اعتراف کرچکا ہے کہ وہ 1971ء میں پاکستان کو توڑنے والی دہشتگرد تنظیم مکتی باہنی کا سرگرم کارکن تھا، بابری مسجد گرانے اور اب وہاں مندر بنوانے کا اعلان کرنیوالا، پھر بلوچستان اور فاٹا میں بھی علیحدگی پسندوں اور طالبان کی سرپرستی کے الزامات تو خود پاکستانی ادارے لگا چکے ہیں، ورکنگ باونڈری پر آئے دن گولوں کی بارش ہوتی ہے، یہ سب پاکستان کی محبت میں تو نہیں، دشمنی میں ہی ہو رہا ہے، کرکٹ ڈپلومیسی اور امریکی ٹوٹکے بھی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا نہیں کرسکے بلکہ پاکستان سے نفرت کا ہندوستان نے کوئی موقع جانے نہیں دیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل کا علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں کردار ہمیشہ اتحاد بین المسلمین اور سیاسی پلیٹ فارم پر کلیدی رہا ہے، ہم پاکستان کے مسائل کا حل سیاسی انداز سے چاہتے ہیں، صوبوں کو اٹھارہویں ترمیم کے تحت اختیار دیئے جانے چاہیں، صوبائی خود مختاری میں رکاوٹیں، وفاق پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوں گی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button