سنی اتحاد کونسل نے سال 2015ء کو انسداد دہشتگردی کا قرار دینے کا مطالبہ کر دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے ایک ہزار جید علماء و مشائخ اور مدارس اہلسنّت کے ناظمین کے دستخطوں کے ساتھ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو خصوصی خط ارسال کیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل یقینی بنائے۔ حکومت دہشگردی میں ملوث مساجد و مدارس کے خلاف کارروائی کرنے میں کسی مصلحت اور خوف کا شکار نہ ہو۔ فوج کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فری ہینڈ دیا جائے اور بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ حکومت دہشتگردوں کی حامی جماعتوں کی ناز برداریاں چھوڑ دے۔ دہشتگردوں کے ہمدردوں کا وزیر اعظم کے پہلو میں بیٹھنا افسوسناک ہے۔ اہلسنّت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی ہر مخلصانہ کوشش کا ساتھ دیں گے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کا اعلان کریں اور میلاد النبی ﷺ کے جلسے جلوسوں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ 11 اور 12 ربیع الاوّل کو ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا جائے۔ مولوی عبدالعزیز سمیت طالبان کے ہر حامی، ہمدرد اور معاون کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ 2015 کو سرکاری سطح پر انسداد دہشت گردی اور فروغ امن کا سال قرار دیا جائے۔