Uncategorized

پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر مسلم فوجی اتحاد میں شمولیت کا اعلان افسوسناک ہے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر مسلم فوجی اتحاد میں شمولیت کا اعلان افسوسناک ہے، ملکی مفادات سے متصادم فیصلے نہ کئے جائیں، قیام امن کیلئے ضرب عضب ہی بہترین ہتھیار ہے۔ انہوں نے جلال آباد میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، افغانستان میں بھی ضرب عضب جیسے آپریشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا نابینا افراد پر تشدد قابل مذمت ہے، تھر میں بچوں کی مسلسل ہلاکتیں افسوسناک ہیں، خطے میں امن کیلئے افغان مصالحتی عمل جاری رکھنا ضروری ہے، افغانستان میں امن کیلئے تمام فریقین اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے علماء اور لاہور کے تاجروں کے وفود سے الگ الگ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے 4 فریقی مذاکرات خوش آئند ہیں، پاکستان میں 5 برسوں کے دوران 3 کھرب ڈالرز کی بیرون ملک منتقلی حکومتی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا نہیں کرسکی، جس کی وجہ سے سرمایہ بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے، جب حکمران خاندان پاکستان کے بجائے بیرون ملک سرمایہ کاری کریں گے تو بیرون ملک سے سرمایہ کار کیسے پاکستان آئیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور کے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہ لاہور کے شہریوں کیلئے عذاب بن چکا ہے، اورنج ٹرین منصوبہ کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں، پنجاب حکومت اورنج ٹرین منصوبہ کے نام پر لاہور کے تاجروں کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وی آئی پی پروٹوکول کو ختم ہونا چاہیئے، حکومتی نا اہلی کی وجہ سے دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے دہشتگردی کا مکمل صفایا نہیں ہوسکتا، بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button