صدر سے مطالبہ ہے اسلامی نظریاتی کونسل میں تشیع نمائندگی کو یقینی بنایا جائے، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں 12 ارکان کی 3 ماہ سے خالی نشستوں کو پُر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو تیسری بار علماء، ماہرین تعلیم اور ماہرین قانون کے نام تجویز کرتے ہوئے فہرست ارسال کی گئی اُس فہرست میں بھی مکتب تشیع کو یکسر انداز کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی جو 2 فہرستیں بھجوائی گئی تھیں ان لسٹوں میں مکتب تشیع کے علماء، ماہرین تعلیم اور ماہرین قانون کو نظر انداز کیا گیا تھا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ نئے ارکان کی تقرری کیلئے صدر مملکت کو تیسری فہرست میں جو 30 نام بھجوائے ہیں ان میں کسی شیعہ عالم دین، ماہر تعلیم، ماہر قانون کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ جس پر شیعہ علماء کونسل پاکستان نے سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس سے ملت جعفریہ میں تشویش پائی جارہی ہے کہ ملک بنانے اور چلانے میں ملت جعفریہ کا ایک بہت بڑا حصہ ہے۔ اور اس طرح مکتب تشیع کو جان بوجھ کراداروں میں نظر انداز کیا جانا درست نہیں۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہم صدر مملکت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں مکتب تشیع کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔