علامہ ساجد نقوی سے شیعہ علما کونسل پنجاب کے وفد کی ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علما کونسل پنجاب کی کابینہ نے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی سے ملاقات کی، تنظیمی کارکردگی پر بریفنگ دی اور قومی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
زرائع کے مطابق جامعہ زینبیہ راولپنڈی میں ہونیوالی ملاقات میں علامہ عارف حسین واحدی، مولانا موسیٰ رضا جسکانی، مولانا مشتاق ہمدانی، میاں فرزند علی، شہباز حیدر نقوی، مولانا مجاہد عباس گردیزی، ایم ایچ نقوی اور دیگر رہنما بھی شامل تھے۔ علامہ ساجد نقوی نے صوبائی تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صوبائی صدر اور کابینہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو تنظیمی مفادات کیخلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا جائے گا، اخلاقی، سیاسی اور تنظیمی تربیت پر زور دیتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے تمام سطحوں پر باقاعدگی سے تنظیمی اجلاس منعقد کرنے، منتخب عہدیداروں کو عوام اور کارکنوں سے روابط کو بڑھانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر علامہ سبطین سبزواری کی زیر صدارت اجلاس میں سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب میں انڈین ایجنٹ ملک دشمن، اسلام دشمن تکفیری دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کی تائید کی گئی اور مطالبہ گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا آپریشن کو عزاداری کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔ تکفیری دہشتگرد گروہوں کے ساتھ بیلنس پالیسی کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کئے گئے پرامن شہریوں کو نکالا جائے۔
اجلاس میں 16 اپریل سے جامعتہ المنتظر لاہور میں شروع ہونیوالے 2 روزہ صوبائی کونسل کے انتظامات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے والے ہمسایہ ملک اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورے کو ناکام بنانے کیلئے چند عناصر کی خوشنودی کی خاطر کافی دن پہلے سے گرفتار بھارتی ایجنسی را کے اہلکار کے انکشافات کو میڈیا میں اس انداز سے پھیلایا گیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کیا جائے اور دورے کے اگلے دن گلشن اقبال پارک میں دھماکہ کروایا گیا۔ دونوں واقعات کی ٹائمنگ بڑی اہمیت کی حامل ہے