انصار الحسین کے دفتر پر چھاپہ انتظامیہ کی نااہلی ہے، علامہ حمید امامی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی نے صوبائی دفتر پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصار الحسین ایک فلاحی سماجی اور مذہبی ادارہ ہے، اس کے دفتر پر چھاپہ قابل مذمت اقدام ہے۔ انصار الحسین کے جوانان تعلیم فلاح و بہبود اور اتحاد بین المسلمین میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے بھی خلاف ہیں۔ جوانان انصار الحسین ہر میدان میں پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کو چاہیے کہ ان کے ساتھ تعاون کرے، نہ کہ دفتر پر چھاپے مار کر گرفتاریاں کرے۔ شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی نے گورنر، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پارہ چنار انتظامیہ کی نااہلی کانوٹس لیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ پارہ چنار انتظامیہ نے انصار الحسین کے دفتر پر اچانک چھاپہ مار کے کئی گھنٹوں تک عملے کو یرغمال بنائے رکھا۔