پنجاب حکومت میں وزرا، ایم پی ایز اور اعلی حکومتی عہدیداران چھوٹو گینگ کے سہولت کار ہیں، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ آئس لینڈ، پولینڈ اور اسپین کے وزار سمیت دیگر مقتدر شخصیات کا مستعفی ہونا پانامہ لیکس کے درست ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ پوری قوم وزیراعظم نواز شریف کے فوری استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت راجن پور میں وہی عمل دہرا رہی ہے جو اس نے ماڈل ٹائون میں کیا تھا، پنجاب انتظامیہ نے جان بوجھ کر پولیس اہلکاروں کو چھوٹو گینگ کے حوالے کیا ہے۔ صوبہ پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں کراچی طرز کا ملٹری آپریشن ہمارا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ لیکن حکومت انہیں فوج کے ہاتھوں گرفتار کروانے کی بجائے پولیس کی مدد سے ختم کرنا چاہتی تھی تاکہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ثبوت کو مٹایا جا سکے۔ علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ پنجاب حکومت میں وزرا، ایم پی ایز اور اعلی حکومتی عہدیداران چھوٹو گینگ کے سہولت کار ہیں۔ راجن پور میں بھرپور فوجی آپریشن نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریا موجود نہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ رینجرز کو پنجاب میں سندھ اور کراچی طرز کے اختیارات دیے جائیں۔ جن شخصیات کے کالعدم جماعتوں سے رابطے ہیں ان کے خلاف بھی بھرپور فوجی آپریشن کیا جانا چاہیے۔