کرپشن اور دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آچکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) دہشت گردی کے اڈوں کی حمایت کرنے والے قوم، ملک اور دین سے مخلص نہیں ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جھل مگسی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اطلاعات کے مطابق علامہ مقصود ڈومکی بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے تنظیمی دورے پر پہنچے تو ضلعی رہنماء سید گلزار علی شاہ کی قیادت میں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے درگاہ فتح پور شریف پر حاضری دی اور مرحوم منظور حسین کھوکھر کی وفات پر لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر گنداواہ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردی کے اڈوں کی حمایت کرنے والے قوم، ملک اور دین سے مخلص نہیں ہیں۔ جنہوں نے دہشت گردوں کے وکیل صفائی بن کر معصوم انسانوں کے خون ناحق بہانے میں کردار ادا کیا ہے وہ مجرم ہیں۔
علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ اب وقت آچکا ہے کہ کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی جائے۔ آرمی چیف دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جو کوشش کریں گے اسے قوم ویلکم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم فوج کے سیاسی کردار کے حق میں نہیں، مگر دہشت گردی کے خلاف ان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔