Uncategorized

فلسطینیوں کی مدد کرنا سیاسی و اخلاقی فریضہ ہے، فلسطین فاؤنڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں، عبدالقیوم سومرو

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  فلسطینی مظلوم عوام کی مدد کرنا سیاسی و اخلاقی فریضہ ہے، فلسطین فائونڈیشن کی پاکستان میں مسئلہ فلسطین کی حمایت کے حوالے سے خدمات لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے سیاسی مشیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم سومرو نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد نے سینیٹر عبدالقیوم سومرو سے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے رکن اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وفد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، تنظیم الاخوان پاکستان کے مرکزی رہنما لئیق احمد خان اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم بھی شریک تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم سومرو کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ملت فلسطین گذشتہ ساٹھ برس سے اسرائیلی مظالم کا نشانہ بن رہی ہے لیکن مسلم امہ متحد ہو کر فلسطینی عوام پر صیہونی مظالم کے سلسلہ کو بند کروانے میں ناکام رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس آج بھی غاصب صیہونی شکنجہ میں ہے اور قبلہ اول کی بازیابی کا واحد حل مسلمانوں کی وحدت و اتفاق ہے۔ اس موقع پر فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے سینیٹر عبدالقویم سومرو کو فلسطین فائونڈیشن کی دس سالہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اور آئندہ دنوں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عنوان پر ہونے والے مشاعرہ بعنوان ”فلسطین، فلسطینیوں کا وطن” میں سینیٹر عبدالقیوم سومرو کو بطور مہمان خصوصی دعوت پیش کی۔ جس پر انہوں نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت کو قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی تمام تر مصروفیات سے وقت نکال کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں منعقد ہونے والے مشاعرے میں ضرور شرکت کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button