اب وقت آگیا ہے کہ اتحاد امت کیلئے پہلے سے زیادہ کوششیں کی جائیں، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ 27 رجب کی رات بعثت شب رسالت ہے، جس میں معبوث رسالت ہوئے اور اعلان رسالت ہوا، دونوں مقام اور منصب میں انسانیت نے کمال کی منزلیں طے کیں اور اس مقام تک پہنچیں، جہاں انہیں ختم رسول ؐکا اعزاز حاصل ہو اور اس نے تمام انسانوں کیلئے ایک حتمی جامع ضابطہ حیات تا قیامت پیش کیا اور دوسری طرف انسانیت معراج کمال پر فائز ہوئی۔ واقعہ شب معراج لطیف جذبوں کی انتہاء ہے کہ اپنے بندے کو رات کے ایک مختصر حصے میں حجاز مقدس سے بیت المقدس اور وہاں سے عرش معلٰی تک کی بلندیوں کا شرف بخشا، یہ حضرت ختمی مرتبت کا طرہ امتیاز ہے اور یہ مقام صرف امام الانبیاء و خاتم النبیین ؐ کو ہی حاصل ہوا۔ معراج ایک ایسا عمل ہے جسکی توجیہ آئن سٹائن کے نظریہ حرکت جوہری سے کی جاسکتی ہے اور یہ نظریہ معراج کے واقعہ کے صدیوں بعد پیدا ہوا۔ یہ دونوں واقعات بعثت اور معراج امت مسلمہ کو متوجہ کرتے ہیں کہ وہ نبی آخر زمان کے پیغام وحدت کو معراج تک پہنچائیں اور اپنی صفوں کے اندر اتحاد کے ذریعے نئی توانائی اور قوت پیدا کریں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے، مسلم دنیا افراتفری و انارکی میں گھری ہے، ایسے حالات میں اتحاد و وحدت کے ساتھ منزل حاصل کی جاسکتی ہے، اگر امہ اسوہ رسول ؐپر صحیح معنوں میں عمل پیرا ہو جائے تو وہ وقت دور نہیں، جب مسلمان ایک مرتبہ پھر دنیا میں کامیاب ہو جائیں گے اور ہم اتحاد امت کیلئے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کی حالیہ مشکلات و مصائب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ اس وقت بحرانی کیفیت کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں امہ کا ایک صفحے پر ہونا ناگزیر ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اتحاد امت کیلئے پہلے سے زیادہ کوششیں کی جائیں، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اتحاد امت کے ساتھ ہی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا اگر امت مسلمہ سیرت النبی ؐ پر صحیح معنوں میں عمل پیرا ہو تو یقینی سی بات ہے کہ اس کی دنیوی و اُخروی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔