ملتان، ایم ڈبلیو ایم کا ملک میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف علامتی بھوک ہڑتال چوتھے روز بھی جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کی حمایت میں ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف ملتان پریس کلب کے سامنے ”علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ تیسرے روز بھی لگایا گیا۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے وفد نے ڈویژنل صدر قاسم شمسی کی قیادت میں شرکت کی اور مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وفد میں سابق ڈویژنل صدر ڈاکٹر قمر علی رضا، ڈاکٹر عاصم حسین سرانی، سید موسی کاظمی اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے آئی ایس او کے وفد کو کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا مظہر عباس صادقی، جام اطہر حیات، سید ندیم عباس کاظمی، عامر کھوکھر، سید علی رضا بخاری، سید ناصر حسین گردیزی، مختیار حسین اور دیگر موجود تھے۔ کیمپ کے شرکاء نے نماز مغربین پریس کلب کے سامنے ادا کی اور بعدازاں شہدائے ملت جعفریہ کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک ہر روز علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف اقدام اُٹھائے۔
اُنہوں نے وزیراعظم کے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی حکومت بچانے کے لیے وزیراعظم کسی حد تک جانے کو تیار ہیں، کتنا ہی اچھا ہوتا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کے شہداء کے گھروں میں تعزیت کے لیے جاتے لیکن ان حکمرانوں کو اپنی بادشاہت عزیز ہے۔ اُنہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ان حکمرانون کے اندر اتنی غیرت پیدا نہیں ہوئی کہ خیبرپختونخواہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج ملتان پریس کلب کے سامنے آئی ایس او کے ساتھ مل کے شب شہداء کی تقریب منعقد کی جائے گی اور ملک میں شہید ہونے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر اُنہوں نے سول سوسائٹی کو بھی ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آواز بلند کرنے کی دعوت دی۔