شام کے صوبے لاذقیہ میں دہشت گردانہ بم دھماکے،دو سو سے زائد جاں بحق اور زخمی
شام کے ساحلی صوبے لاذقیہ کے شہر طرطوس اور جبلہ میں ہونے والے خودکش حملوں اور کار بم دھماکوں میں سو سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
شامی ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ طرطوس میں بس ٹرمنل کے گیٹ پر کھڑی ایک کار میں ہوا جس کے بعد ایک خود کش حملہ آور نے بس ٹرمنل کے اندر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ان حملوں میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں ایک اور خودکش حملہ آور نے بس ٹرمنل کے سامنے واقع آبادی میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
صوبہ لاذقیہ کے شہر جبلہ میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں درجنوں افراد کے مارے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں سو سے زائد افراد جاں بحق اور ایک سو بیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک ہے جس کے پیش نظر مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔