Uncategorized

دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، ضیاالحق نقشبندی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) دہشتگردی میں ملوث تکفیری مدارس کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، تکفیری دہشتگردوں کے بیرونی رابطے اور فنڈنگ روکی جائے، ملک کو اسلحہ سے پاک کیا جائے۔

زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار تنظیم اتحاد امت پاکستان کے سربراہ ضیاالحق نقشبندی نے لاہور میں علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانی جان کی حرمت کو کعبہ کی حرمت سے بھی اہم قرار دیا ہے، مسلم نوجوانوں کو خونریزی کی ترغیب دینے والے دنیا و آخرت میں شدید عذابِ الٰہی کے حق دار ہیں، اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کر رہے ہیں اِس لیے دنیا بھر کے علمائے حق جہاد کے نام پر فساد کرنیوالوں کے فکری توڑ کیلئے میدان میں آئیں اور حقیقی اسلام دنیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے اور تکفیری دہشتگردوں کے حامیوں، مددگاروں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی پکڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ را کے نیٹ ورک کے صفایا کیلئے ملک گیر آپریشن کیا جائے، پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے جائیں، نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے اور کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے قائدین کی جائیدادیں ضبط کی جائیں، کراچی میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور کراچی کو را کے ایجنٹوں، بھتہ خوروں، لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا سے پاک کیا جائے۔

ضیاالحق نقشبندی نے کہا کہ نیکٹا کو فعال اور پولیس کو سیاست سے پاک کیا جائے، حکومت تمام سرکاری اداروں اور بالخصوص کالجز اور یونیورسٹیوں کو تکفیری دہشتگردوں کے حامیوں، مخبروں اور ہمدردوں سے پاک کرے، نام نہاد جہادی تنظیموں کی تخریبی اور فسادی کارروائیاں اسلام کی بدنامی، عالمِ اسلام کی کمزوری اور ہزاروں گھرانوں کی بربادی کا باعث بن رہی ہیں اور ان کے خونی کھیل سے اسلام کے دشمن امریکہ کا کام آسان ہو رہا ہے، نظریات کا مقابلہ طاقت نہیں نظریات سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے باغیوں کی سرکوبی کے جہاد میں حکومت کیساتھ تعاون ہر شہری پر فرض ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button