پارا چنار میں انتظامیہ کو بیگناہ افراد کی زندگیوں سے کھیلنے کا کوئی حق نہیں، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ پارا چنار کرم ایجنسی میں نواسہ رسول اکرم ؐ حضرت امام حسین ؑ کی ولادت کی مناسبت سے منعقدہ جشن میں شرکت کیلئے جانے والے علمائے کرام اور اکابرین کو راستے میں روکنے اور پابند کرنے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر مقامی انتظامیہ و پولیس کی جانب سے شیلنگ اور براہ راست فائرنگ کا کوئی آئینی و قانونی جواز نہ تھا۔ آئین و قانون کی رو سے پولیس اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے، لیکن یہاں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے صوبائی و وفاقی حکومت سے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بے گناہ سفید ریش افراد اور طالب علموں کو گرفتار کیا گیا ہے، رابطوں کے باوجود بے گناہ افراد کو رہا نہیں کیا گیا، جس کی ہم پرزور مذمت، سخت تشویش کا اظہار اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام بیگناہ افراد کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پارا چنار کرم ایجنسی میں فائرنگ کی غیر جانبدارنہ تحقیات کا مطالبہ کرتے ہوئے شہداء کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔