Uncategorized

امریکی اشاروں پر چل کر افغانستان اپنے پیروں پر کلہاڑی نہ چلائے، ثروت اعجاز قادری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں، افغان فوج کے پیچھے کوئی اور ہاتھ ہے جو سرحد پر انتشار پھیلا کر اپنے ناپاک عزائم پورے کرنا چاہتا ہے، پاکستان سے غیر قانونی افغانیوں کو واپس ان کے ملک بھیجا جائے، ضرب عضب آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے۔

زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے لاہور میں افطار ڈنر سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ڈوریں کہیں اور سے ہل رہی ہیں، حکومت پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے، افغانستان کی حکومت ہوش کے ناخن لے اور یہ یاد رکھے کہ امریکہ ان کا کسی بھی صورت خیر خواہ نہیں ہو سکتا، امریکہ کے اشاروں پر چل کر افغانستان اپنے پیروں پر کلہاڑی نہ چلائے۔امریکہ نے افغانستان میں امن قائم کرنے کے بہانے فوجیں اتاریں اور آج 15 سال گزر جانے کے باوجود افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکا بلکہ افغانستان خود معاشی واقتصادی طور پر کمزور ہوگیا ہے، اغیار کی سازش کو مسلم حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ تکفیری دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پاک فوج اور حکومت ملک میں داخل نہیں ہونے دینگے، ضرب عضب آپریشن کے خوف سے فرار ہونیوالے تکفیری دہشتگرد کسی صورت ملک میں داخل نہیں ہو سکتے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو سپورٹ کرتا ہے جس کے حال میں واضح شواہد اور را کے ایجنٹ کل بھوشن یادو کی گرفتاری پوری دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک سمیت تمام محب وطن قوتیں ملکی سلامتی کیلئے یکجا ہیں اور ضرورت پڑی تو پاک فوج کے ساتھ ملکر ملک دشمن قوتوں کے خاتمے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایٹمی صلاحیت رکھنے والا ملک ہے یہود و نصاریٰ نہیں چاہتے کہ کوئی اسلامی ملک طاقتور بن کر دنیا کے نقشے پر چمکتا دمکتا رہے، مسلم ممالک کے سربراہان اسلامی بلاک کو فعال کریں تاکہ یہود ونصاریٰ کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button