قبائلی عوام کی قربانیوں کی بدولت پورے ملک میں امن لوٹ رہا ہے، اقبال ظفر جھگڑا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آپریشن ضرب عضب اور قبائلی عوام کی قربانیوں کی بدولت نہ صرف فاٹا بلکہ پورے ملک میں امن لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم پاک افواج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی احسان مند ہے۔ طورخم سرحد پر وطن عزیز کے دفاع میں جان کا نذرانہ دینے والے میجرجواد شہید پوری قوم کے محسن ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا نے خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے ایک روزہ دورہ کے موقع دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کی خاطر قربانیاں دینے والے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں شہداء پیکج کے چیک دینے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود، باڑہ اور لنڈی کوتل کے 70 گھرانوں میں شہداء کے لواحقین اورزخمیوں میں رقوم کے چیک تقسیم کئے۔ شہداء کے لواحقین کو تین لاکھ اورزخمیوں کو 1 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔ اس موقع پر گورنر نے طورخم سرحد پر شہید ہونیوالے میجرعلی جواد شہید کے لواحقین کیلئے بھی 5 لاکھ روپے دینے کااعلان کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ سینیٹر مومن خان آفریدی، احمد شاہ سمیت بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین، شہداء کے لواحقین سول و ملٹری حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گورنرنے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی صاحب کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی ظاہرکرتے ہوئے یہ ناقابل تلافی نقصان صبروحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق کیلئے بھی دعاکی۔ دورے کے موقع پر گورنر خیبررائفل بھی گئے اور طورخم سرحد کے شہید میجرجواد کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اس موقع پر کمانڈنٹ خیبررائفل کرنل طارق حفیظ کو میجرجواد شہید کے لواحقین کیلئے 5 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ فاٹا میں آپریشن ضرب عضب کی بدولت امن لوٹ آیا ہے اور ٹی ڈی پیز کی اپنی اپنی علاقوں کو باعزت واپسی جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بحالی، تعمیرنو کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ 70 فیصد سے زیادہ ٹی ڈی پیز واپس جاچکے ہیں اور امسال کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے۔ قبل ازیں ایجنسی پہنچنے پر قبائلی زعماء اورکمانڈنٹ ایف سی نے گورنرکا پرتپاک استقبال کیاجبکہ قبائلی زعماء کی جانب سے گورنرکو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔ اس موقع پر نمائندہ قبائلی مشران سے ملاقات کے دوران گورنر نے ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔