امجد صابری قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار، اعتراف جرم کر لیا، تعلق سیاسی جماعت سے ہے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پولیس نے معروف قوال امجد صابری کے قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کر لیا اور تفتیشی ٹیم کو بتایاہے کہ وجہ قتل نہیں جانتا بس اوپر سے ملنے والے حکم کی تعمیل کی جاتی ہے۔ قوال امجد صابری کے قتل کا حکم فون پر ملا جس پر انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔مقامی اخبار کے مطابق امجد صابری قتل کیس میں گرفتار ملزم سرکاری ملازم ہے جس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزم نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ آخری گولی اس نے امجد صابری کے سر پر ماری جس سے اسے امجد کی موت کا یقین ہوگیا۔ ہمیں واردات انجام دینے کے لئے لیاقت آباد ڈاک خانے بلایا گیا تھا۔ واردات میں ملوث 3 ملزموں کو نہیں جانتا میں ڈاک خانے پر موجود ساتھی کے ہمراہ امجد صابری کے گھر کے قریب پہنچا۔ زیر حراست ملزم نے اپنے ساتھی کا نام بھی اگل دیا۔ ملزم نے بتایا کہ امجد صابری کو لیاقت آباد 10 نمبر پر قتل کرنے کا حکم ملا تھا جبکہ دو موٹرسائیکلوں پر 4 ملزمان سوار تھے۔