آئی ایس او کے زیر اہتمام کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے اور بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی، کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرا کیا گیا، احتجاجی مظاہرے شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ صادق تقوی، علامہ عقیل موسیٰ سمیت کثیر تعداد میں طلباء خواتین و بچوں نے شرکت کی اور بھارتی مظالم کی مذمت کی۔
اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب سے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی جو ڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی اس موقع پر آئی ایس او کے مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، کشمیر مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں، حالیہ دہشتگردی پر اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیئے اور اسے اپنی قراردادوں پر عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کو استواب رائے کے ذریعے آزادی دلانی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر حالیہ مظالم بدترین مثال ہیں، لیکن اس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ بھارت ظلم اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں سکتا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اقتصادی طور پر بھی پاکستان کی بقاء کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے۔ عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لے کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانا چاہیے۔ منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم اور ظلم کا شکار ہیں۔
آئی ایس او کے تحت کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کیخلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرا – تصویر