مجلس وحدت مسلمین ایک حقیقت بن چکی ہے، دشمنوں کے عزائم ناکام ہونگے، علامہ اقتدار حسین نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیت اور ظلم سے پاک پاکستان مجلس وحدت مسلمین کا عزم ہے اور انشاءاللہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی طویل جدوجہد رنگ لائے گی۔ جس معاشرے میں انصاف ختم ہوجائے وہ انسانوں کے قابل نہیں رہتا، ہمارے حکمران اس وقت ظلم کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں مظلوموں کی آہوں، فریادوں اور سسکیوں کی کوئی پرواہ نہیں، بہت جلد ظلم کا خاتمہ اور مظلوم کی جیت ہوگی۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ملتان میں جنوبی پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، محمد اصغرتقی، سید عدیل عباس زیدی، سید فرخ مہدی، علی رضا طوری، مہر سخاوت اور دیگر موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس وقت حقیقت بن چکی ہے، کچھ نادیدہ قوتیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں دراصل یہ نادان احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ اس وقت مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع کی ہر فورم پر بھرپور نمائندگی کر رہی ہے۔ اس وقت جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک کے مظلوم طبقات مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور 7 اگست کو اسلام آباد میں عظیم الشان اجتماع کرے گی اور حکومت وقت کو اپنے مطالبات منوانے پر مجبور کر دے گی۔