شیعہ علماء کونسل کراچی کا مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں نماز جمعہ کے بعد مظلوم اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی بربریت اور انسان سوز مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے گئے۔
زرائع کے مطابق کراچی میں مرکزی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر کیا گیا، جس میں علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ کرم الدین واعظی، علامہ فیصل مہدی، علامہ رجب ہاتمی، حسنین مہدی، یعقوب شہباز اور مسلم رضا سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، بھارت بے گناہ عوام کو گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے، جس کی وجہ سے اب تک درجنوں لوگ شہید ہو چکے ہیں، لیکن انسانی حقوق کے دعویدار اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چایئے کہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم اور بھارتی بربریت کو روکنے کیلئے بھارت پر زور ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی اور بے گناہ کشمیری عوام کے قتل و غارت گری سے گریز کرے۔ رہنما ایس یو سی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو چائیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سنجیدہ اقدامات کرے۔