دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں، عمران خان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد تمام تر سیاسی اختلافات پش پشت ڈال کر دہشت گردوں کو مل کر شکست دینا چاہئے جب کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں۔
زرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے سول اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور گزشتہ روز دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد تمام تر سیاسی اختلافات پش پشت ڈال کر دہشت گردوں کو مل کر شکست دینا چاہئے، انٹیلی جنس ادارے اور ہماری مسلح افواج بھرپور طریقے سے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے تاہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پولیس کا کردار اہم ہوتا ہے اس لئے پولیس کو غیر سیاسی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جتنی غیرسیاسی ہوگی اس کی کارکردگی اتنی ہی اچھی اور سیکیورٹی صورت حال بہتر ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ خیبر پختون خوا متاثر ہوا لیکن فخر سے کہتا ہوں کہ وہاں پولیس کو غیر جانبدار اور غیر سیاسی بنا دیا گیا ہے، جس کی گواہی کورکمانڈر پشاور بھی دیں گے، تحریک انصاف کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہے جب کہ دھماکے کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں،تکفیری دہشت گردوں کے خلاف ہمارا عزم اور ارادے مضبوط ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے دستخط کئے تھے اس پر پوری طرح عملدرآمد کی ضرورت ہے۔