حکمرانوں نے ایک بار پھر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر امریکہ کے آگے سر جھکا دیا ہے، صاحبزادہ ابوالخیر
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جمعیت علماء اسلام (نورانی) کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے امریکی شہری میتھیو ہبرٹ کی ملک بدری پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے ایک بار پھر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امریکہ کے آگے سرجھکا دیا ہے۔
زرائع کے مطابق حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ جس طرح اس سے قبل ایک امریکی ریمنڈ ڈیوس کو سرعام دہشت گردی کرنے کے باوجود عزت سے رخصت کردیا تھا، اسی طرح اس امریکی کو بھی ملک کے خلاف سرگرمیوں میں بلیک لسٹ کر کے ملکی قوانین کے مطابق سزا دینے کے بجائے ملک بدری کے الفاظ کا سہارا لیکر باعزت رخصت کردیا، اس سے بڑھ کر ہماری غلامی کا اور کیا ثبوت ہوگا کہ ہم ملک دشمن عناصر کے خلاف امریکی رضا مندی کے بغیر کوئی کاروائی بھی نہیں کرسکتے، ایسی صورت میں یہ کیسے امید کی جاسکتی ہے کہ ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کامیابی سے ہمکنار ہوگا اور یہود نصاری کے ایجنٹ تکفیری دہشتگرد جو ہمارے ملک میں دہشت گردی کررہے ہیں ان کے خلاف بغیر کسی دباؤ کے کاروائی ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم غلامی سے آزادی حاصل نہیں کرلیں گے ملک سے بدامنی اور کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔