لاہور، شیعہ علماء کونسل کے زیرِ اہتمام مفتی جعفر حسین مرحوم کی برسی آج منائی جائیگی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے بانی قائد علامہ مفتی جعفر حسین رحمتہ اللہ علیہ کی 33 ویں برسی آج ملک بھر میں منائی جائے گی۔ اس حوالے سے مختلف تنظیمیں سیمینار اور کانفرنسوں کا اہتمام کریں گی۔
زرائع کے مطابق لاہور میں کربلا گامے شاہ میں تنظیم شیعہ شہریان کی طرف سے برسی کی مناسبت سے منعقد ہونیوالے سیمینار سے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا وقار الحسنین نقوی اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ مفتی جعفر حسین 1914ء میں گوجرانوالا میں حکیم چراغ دین کے ہاں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی اسلامی تعلیم اور قرآن حکیم کی تعلیم حکیم شہاب الدین سے 5 سال کی عمر میں حاصل کی اور 7 سال کی عمر میں حدیث و فقہ کی تعلیم حاصل کرنا شروع کر دی۔ بعدازاں لکھنو اور حوزہ علمیہ نجف اشرف عراق میں مزید تعلیم حاصل کی اور واپس آکر گوجرانوالہ میں تبلیغ دین اور درس و تدریس میں مشغول ہوگئے۔ مفتی جعفر حسین مرحوم قادیانیوں کیخلاف تحریک کے ہراول دستے میں شامل رہے اور ملت جعفریہ کی طرف سے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کی قرارداد پر دستخط بھی کئے۔
انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں، اپریل 1979ء کے بھکر کنونشن میں انہیں قائد ملت جعفریہ منتخب کیا گیا اور اپنے مطالبات منوانے کیلئے 1980ء کے سول سیکرٹریٹ اسلام آباد کے گھیراو کی قیادت کی۔ انہوں نے انتہائی سادہ زندگی گذاری۔ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے خطبات، خطوط اور اقوال پر مشتمل کتاب نہج البلاغہ اور چوتھے تاجدار امامت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی دعاوں کے مجموعہ صحیفہ کاملہ کا اردو ترجمہ، اور شہرہ آفاق کتاب سیرت امیر المومنین ؑکی تالیف ان کی بہترین مذہبی اور ادبی خدمات ہیں۔ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں وہ علیل ہوگئے۔ 29 اگست 1983ء کو انتقال کرگئے اور کربلا گامے شاہ لاہور میں دفن کئے گئے۔