Uncategorized

بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی دفتر لاہور میں کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ سیاسی جنگ کو ڈنڈے سوٹے کی جنگ نہ بنائے، وزیراعظم کے گھر کے باہر احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے، بھارت جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دفاع وطن کیلئے متحد اور پُرعزم ہے، بھارت نے جنگ کی حماقت کی تو اسے کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے، اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے، حکومت ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے غافل نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا عسکری ونگ پھر متحرک ہو رہا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات جلتی پر تیل ڈال رہے ہیں، حکمران جماعت کے غیر جمہوری ہتھکنڈے جمہوریت کیلئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، ن لیگ کے قائدین اور کارکنان میں سیاسی اختلافات، احتجاج اور تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں، ن لیگ اپنی بے تدبیری سے سیاسی محاذ آرائی کو بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت کے عہدیداران کے دھمکی آمیز بیانات سے سیاسی تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بھارت شوق شہادت سے سرشار پاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کر سکتا، وفاقی حکومت ایم کیو ایم کو بچانے کی قیمت پر کراچی کا امن تباہ نہ کرے، ایف آئی اے، ایف بی آر اور نیب میں حکمرانوں کے چہیتے بیٹھے ہوئے ہیں اس لئے حکمران خاندان کی مالی کرپشن کی شفاف تحقیقات کی کو ئی امید نہیں، شاہانہ مزاج رکھنے والے حکمرانوں کا طرز حکمرانی غیر جمہوری ہے، مارشل لاء کے بغیر بھی سیاسی تبدیلی آسکتی ہے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button