بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کا واحد مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے اے پی سی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، بھارت نے کشمیر میں ظلم کی ہر حد عبور کر لی ہے، مظلوم کشمیری کرفیو کے سایہ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بھارت اور اس کے پالتو دہشتگردوں کے پاکستان مخالف بارودی نظریے کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سیاسی کشیدگی کو ہوا دیکر حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے، بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کا واحد مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے، پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے، آج پاکستان بچانے کیلئے پاکستان بنانے والے جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں، ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون انصاف مانگ رہا ہے، دہشتگردوں اور غداروں کو قومی یکجہتی کے ذریعے شکست دینا ہو گی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام عدل و انصاف، صحت اور تعلیم کی سہولتوں سے محروم ہیں، 8 کروڑ سے زائد مظلوم غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ محبت پاکستان کے جذبے کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، صوفیاء کے ماننے والے نظریہ پاکستان کے محافظ بن کر قومی اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیں، پاکستان کی بقاء و سلامتی نظریہ پاکستان سے وابستہ ہے، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے اور اسلام کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔