Uncategorized

فورتھ شیڈول کی آڑ میں پُرامن شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، سبطین سبزواری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے محرم الحرام کی آمد سے قبل کارکنوں کی گرفتاریوں اور علماء پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فورتھ شیڈول کے ظالمانہ قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

زرائع کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ملت جعفریہ پرامن اور ذمہ دار قوم ہے مگر ہم احتجاج اور مذمت کرتے ہیں کہ محرم الحرام کی آمد سے پہلے ہی پُرامن علما پر مختلف شہروں میں مجالس پڑھنے والوں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، حتیٰ کہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو اس دنیا میں نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ مفسر قرآن علامہ الشیخ محسن علی نجفی اور علامہ شیخ محمد شفاء نجفی کے نام پابندی والے علماء میں شامل کرنے کا شرمناک اقدام محض بیلنس پالیسی کے تحت افسوسناک اور ظالمانہ اقدام ہے، ان کے نام پابندی کی فہرست سے نکالے جائیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ عزاداری صدیوں سے جاری ہے، دہشتگردی حکومت اور ریاستی اداروں کی ناکامی ہے، دہشتگردی کی وجہ سے عزاداری رک سکتی ہے اور نہ ہی ہم قربانیوں سے گھبرانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کے پرامن اور ذمہ دار شہریوں کو فورتھ شیڈول کے ذریعے تنگ کیا جا رہا ہے، اس ظالمانہ قانون کے تحت پولیس بے گناہوں کو نظر بند کر رہی ہے، کچھ سرکاری اہلکاروں نے بانیان مجالس اور تنظیمی عہدیداران کی نظر بندی کے احکامات جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں، کچھ ہیں کہ بانیان مجالس کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، ان سے شورٹی بانڈز پر کروا رہے ہیں، جس کے نتائج کسی کیلئے اچھے نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کی طرف سے بے بنیاد مقدمات میں بری قرار دیئے جانیوالے کارکنوں کو بلاوجہ سے فورتھ شیڈول میں ڈال کر تنگ کیا جا رہا ہے، تھانے بلوا کر بلاوجہ مطالبات اور وقت ضائع کیا جاتا ہے، ایسے اقدامات توہین عدالت ہے، سپریم کورٹ از خود نوٹس لے۔ کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے فی الفور رہائی اور تفتان بارڈر پر زائرین کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں شعائر تشیع کو محدود کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، ہم بھاگنے والے نہیں، شہادتوں کے راہی اور قربانیوں کے عادی ہیں۔

شیعہ علما کونسل کے رہنما نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے اقوام متحدہ میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے پر جو شرمندگی عالمی سطح پر مودی حکومت کو اٹھانی پڑی ہے، اس کا مداوا وزیر خارجہ سشما سوراج کی بے بنیاد اور جھوٹے دعووں پر مبنی تقریر بھی نہیں کر سکی، بھارتی فوج کی جارحیت کیخلاف قوم پاکستانی فوج کیساتھ ہے، اسلام اور پاکستان کے دشمن کے طور پر مشہور درندہ صفت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی باتیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عالمی معاہدوں سے انحراف ہے، حکومت کو عالمی ثالثی کونسل سے رجوع کرنا چاہیے اور بھارتی حرکتوں کا سدباب بھی کرنا چاہیے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ سبطین سبزواری کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ مشتاق حسین ہمدانی، اظہار بخاری، مولانا غلام قاسم جعفری، سید جعفر نقوی، مولانا نصیر موسوی، نزاکت نقوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button