Uncategorized

اشتعال انگیز اور مذہبی منافرت پر مبنی لڑیچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، شہباز شریف

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور اشتعال انگیز تقاریر اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

زرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر یہ انتظامات ہونے چاہئیں، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے 4 درجاتی سکیورٹی حصار پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹیوں کے اراکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور بھائی چارے، تحمل و برداشت کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے اشتعال انگیز تقاریر اور منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائی میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے، سکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پوری طرح مستعد رہیں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں نے موثر پلان مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان صوبہ بھر میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود دورے کرے اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے محرام الحرام کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری، ایم پی اے جہانگیر خانزادہ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، اعلیٰ پولیس حکام اور قانون نافذ کرنیوالے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button