محرم الحرام محمدی اسلام کے خلاف بر سر پیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے، علامہ مبشر حسن
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) معروف ذاکر اہل بیتؑ علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ سر تاج انبیاء خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے اپنی رسالت کا کوئی اجر اپنی امت سے طلب نہ کیا مگر یہ کہ امت ان کی آل پاکؑ سے مودت اور محبت کریں، بلا شبہ نواسہ رسول ﷺ سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام، حضرت رسول پاک ﷺکے قرابت دار بھی ہیں اور آل عباء کے ایک اہم رکن بھی اور آیۃ مباہلہ کی رو سے فرزند رسول اللہ ﷺ بھی ہیں، لہذا ہر کلمہ گو مسلمان پر امام حسین ؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد و امام بارگاہ عابدیہ لیاقت آباد میں عشرہ محرم کی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ماہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ نے یزید جیسے فاسق و فاجر اور بد عقیدہ انسان کی بیعت سے اس لئے انکار کیا چونکہ وہ جس مسند پر براجمان ہوا تھا وہ انبیاء اور انکے معصوم اوصیاء کا منصب تھا۔ علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ امام حسین ؑ جو وارث خاتم الانبیاء ہیں وہ کیسے اتنے بڑے انحراف اور غصب کو برداشت کرتے کہ جس کی بنا پر پورے اسلامی معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں اور جس کا اثر صرف اس زمانے تک محدود نہ تھا بلکہ تا قیامت بشر، دین مبین اسلام جیسی ابدی نعمت سے محروم ہو جاتا، ماہ محرم الحرام محمدی اسلام کے خلاف بر سر پیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے، ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حسینیت کے قیام کا مہینہ ہے، محرم الحرام عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سے تجدید عہد، مودت، محبت اور اظہار وفاداری کا مہینہ ہے۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ ملک دشمن تکفیری دہشت گرد اور کالعدم جماعتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی اپنی مذموم کو ششوں میں مصروف ہیں، یہ منحوس یزیدی قوتیں ملک کی سالمیت سے کھیل رہی ہیں لیکن پاکستان کا ہر محب وطن شہری ان تکفیری دہشت گردوں سے نفرت کرتا رہا ہے، اس ملک میں شدت پسندوں اور کالعدم تکفیری جماعتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، ہم پاک فوج کے ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ایسی بعض قوتیں جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف کرنا چاہتی ہیں اسکی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم تمام عزاداروں، ماتمی دستوں، بانیان مجالس، ذاکرین عظام اور علماء کرام کے ساتھ مل کر ان شاء اللہ عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ منائیں گے اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پوری طاقت کے ساتھ دور کریں گے۔