سکھر، یومِ عاشور قریب ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نالیوں اور گٹروں کی صفائی مکمل نہ ہو سکی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )یوم عاشورہ قریب پہنچ گیا، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نالیوں اور گٹروں کی صفائی مکمل نہ ہو سکی، ضلعی انتظامیہ ماتمی جلوس کی گذرگاہوں پر استرکاری شروع کرنے میں بھی ناکام، ضلعی افسران علماء کرام و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں امن و امان کے قیام کیلئے مصروف، ماتمی جلوس کی گذرگاہوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے اقدام کئے جائیں، ماتمی انجمنوں کا مطالبہ۔
زرائع کے مطابق سکھر کی ضلعی انتظامیہ اب تک شہر کی امام بارگاہوں اور ماتمی جلوس کی گذرگاہوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے، شہر کی نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں آئے روز گندہ پانی جمع ہونا معمول بن گیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں استرکاری کا کام بھی شروع نہ ہو سکا ہے، ضلعی افسران صرف محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں شہر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ سکھر شہر کی ماتمی انجمنوں کے سالاروں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر سے گذرنے والے ماتمی جلوس کی گذرگاہوں پر صفائی کے بہتر انتظامات کئے جائے تاکہ عزاداروں کو عزاداری میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔