Uncategorized

امام حسین (ع) نے اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا جس کو تا قیامت احترام و عظمت کے ساتھ یاد رکھا جائیگا، وزیراعلیٰ سندھ

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے دنیا کی عظیم ترین قربانی دی، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی اور اپنے نانا حضرت محمد مصطفی (ص) کے دین کو بچانے کیلئے یزید کی بیعت نہ کرتے ہوئے اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا جس کو تاقیامت احترام و عظمت کے ساتھ یاد رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے دن ہر آنکھ واقعہ کربلا کی یاد میں اشکبار ہے اور نواسہ رسول اکرم (ص) حضرت امام حسین (ع) کے ذکر میں آنکھیں چھلک جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے اور اسی مہینے میں خاندان رسول (ص) پر جو امتحان آیا جسے انہوں نے دلیری، بہادری، شجاعت، اور عظمت کے ساتھ کامیابی سے پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ د ین اسلام کی سربلندی اور بقاء، جانثاری، وفاداری اور باطل قوتوں کے خلاف جنگ، جہاد اور جرات کے اعتبار سے امام حسین (ع) اور اہل بیت کی لازوال قربانیاں تمام دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے تمام مسلمانوں اور تمام مکاتب فکر کے افراد پر زور دیا کہ وہ یوم عاشورہ کے موقع پر شہدائے کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرکے اخوت، اتحاد، یکجہتی، بھائی چارگی، محبت، یگانگت اور ایثار قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے اندر اسلام دشمن اور باطل قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور ان کی تمام اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یوم عاشورہ پر حکومت کی طرف سے تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور مساجد کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور تخریب کاروں، دہشتگردوں، ملک دشمن قوتوں اور عوام دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ سید مراد علی شاہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھیں اور انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور شرپسندوں و ملک دشمن قوتوں کی ہر قسم کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button