پشاور،فقیر آباد سے درجنوں مقدمات میں مطلوب کالعدم لشکرِ جھنگوی کا دہشتگرد عامر گرفتار
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )محکمہ انسداد دہشت گردی اور حساس اداروں نے پشاور کے علاقے فقیرآباد میں پتنگ چوک پر کاروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھنے والے تکفیری دہشتگرد اور بھتہ خور عامر کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار تکفیری دہشت گرد عامر کے 2 دہشتگرد ساتھیوں قبیس عرف حمزہ ولد سید محمد ساکن افغانستان اور قاری کو پہلے ہی فائرنگ تبادلہ کے بعد گرفتار کیا جاچکا ہے۔ جن کے قبضہ سے 8 کلو گرام بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا۔
زرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کے دوران گرفتار ہونے والا تکفیری دہشتگرد عامر پہلے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا رکن تھا،بعد ازاں ٹی ٹی پی کے مقامی دہشتگرد کمانڈر سے معاملات خراب ہونے کے بعد اس نے کالعدم لشکرِ جھنگوی میں شمولیت اختیار کرلی تھی،یہاں بھی وہ اپنی من مانی اور اکھڑ پن کی وجہ سےدیگر دہشتگردوں کے درمیان کھٹکنے لگا تھا لیکن لشکرِ جھنگوی کی اعلیٰ قیادت کی مداخلت کے بعد عامر کے دیگر دہشتگردوں کے ساتھ معاملات طے پاگئے تھے۔سی ٹی ڈی زرائع کے مطابق عامر کے دو قریبی دہشتگرد ساتھی پہلے ہی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں، جن سے تفتیش کی بنیاد پر ہی سی ٹی ڈی نے حساس اداروں کے ساتھ ملکر کاروائی کرتے ہوئے عامر کو گرفتار کیا۔
زرائع کے مطابق تکفیری دہشتگرد عامر پولیس کو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ،پاک فوج،ایف سی اور پشاور پولیس کے جوانوں پر حملوں سمیت بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔گرفتار تکفیری دہشتگرد بھتہ خوری کے حوالے سے پشاور اور خیبرپختونخواہ کے دیگر شہروں میں خوف کی علامت بنا ہوا تھا،جس نے مطلوبہ ڈیمانڈ کے مطابق بھتہ نا ملنے پر لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بھی بنایا تھا جس کے بعد بھتہ خواری کے حوالے وہ خوف کی علامت بن چکا تھا،اس کے علاوہ عامر اغواء برائے تاوان کی بھی متعدد کاروائیوں میں ملوث رہا ہے، سی ٹی ڈی پشاور نے کامیاب کاروائی کے دوران گرفتار ہونے والے تکفیری دہشتگرد اور بھتہ خور عامر کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔