Uncategorized

ظالم اور مظلوم کو ایک صف میں کھڑا کرنا دہشتگردی کیخلاف جنگ متاثر کرنے کی سازش ہے، مجلس وحدت مسلمین

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کا پارٹی امور اور موجودہ ملکی صورتحال پر مشترکہ اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر شیرازی و صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری نتظیم سازی مہدی عابدی سمیت صوبائی کابینہ و ضلع لاہور کے کابینہ اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک بھر میں محرم الحرام میں امن عامہ کو برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

زرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پنجاب میں کاونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ بلا جواز بیلنس پالیسی کے تحت ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے، جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ظالم اور مظلوم کو ایک صف میں کھڑا کرنے کا عمل دہشتگردی کیخلاف جنگ کو متاثر کرنے کی سازش ہے، ہم وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلٰی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اداروں میں شامل کالی بھیڑوں کیخلاف نوٹس لیں، جو اپنی جعلی کارکردگی دکھانے کیلئے مظلوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانے بنانے میں مصروف ہیں، اسی غیر منصفانہ عمل کیخلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک بھر میں جمعہ کے دن علامتی مظاہرے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈول فور میں بیلنس پالیسی کے تحت ملت تشیع کے اتحاد بین المسلمین کے داعی جید علماء کو دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیساتھ شامل کرکے ان کی بنیادی شہریت معطل کرنے کے عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، علامہ امین شہیدی، علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ مقصود ڈومکی، علامہ نیر مصطفوی سمیت 50 سے زائد ملت جعفریہ کے بے گناہ لوگوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی گئی اور بے گناہ عزاداروں، علماء اور فعال قومی کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم ایسے متعصبانہ عمل کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور ہم ہر فورم پر اس ظالمانہ اقدامات کیخلاف آواز اُٹھائیں گے، اگر یہ متعصابہ عمل جاری رہا تو ہم بھر پور ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مبارک موسوی صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ اور خانیوال میں عزاداروں پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کے اندراج اور بے گناہ عزاداروں کو ہراساں کرنیوالے انتظامیہ کیخلاف ہم عدالتوں سمیت ہر جگہ پر احتجاج کرینگے، دہشتگردی کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں شامل مٹھی بھر متعصب افراد کی جانب سے بلا جواز کاروائیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں، وزیر داخلہ اور وزیراعلٰی پنجاب ایسے عناصر کیخلاف ایکشن لیں، بصورت دیگر ہم اپنا آئینی و قانونی اور جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے۔ اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال پر اپوزیشن اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے اور جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کرے۔ اجلاس میں بے گناہ کشمیریوں اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملکی سالمیت کی دفاع کیلئے سینہ سپر ہے اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہر صورت خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button