بلوچستان کو شام اور عراق کی طرح جنگ زدہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )پاکستان سنی تحریک کی اپیل پرسانحہ کوئٹہ کے خلاف ملک گیر یوم مذمت منایا گیا، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، حیدرآباد، سکھر اور لسبیلہ سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگردی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور شہداء کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی گئی۔
زرائع کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی بھارتی ایجنڈے کا حصہ ہے، مودی کے بیان اور کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد حکومت کو ٹھوس اقدامات کرتی تو ملک و قوم پے در پے سانحات کا شکار نہ ہوتے، بلوچستان کو شام اور عراق کی طرح جنگ زدہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے، پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔تکفیری دہشت گردوں کے سیاسی سہولت کاروں کو قومی مجرم قرار دیکر بے نقاب کیا جائے، ملک کو تکفیری دہشت گردوں کی جنت نہیں بننے دیں گے، حکومت سانحہ کوئٹہ میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائے۔