حلب کا ایک اور علاقہ آزاد کرالیا گیا
شام کی مسلح افواج نے حلب کے جنوب مغرب میں واقع ایک اور علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
رپورٹوں کے مطابق، شام کی فوج نے گذشتہ رات، تل الرخم علاقے کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا۔ حملوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھاری گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ شام کی فوج کے جوانوں نے حلب کے جنوب مغرب میں واقع مؤتہ کی جانب وسیع پیمانے پر پیش قدمی شروع کردی ہے۔ دوسری جانب ذرائع ابلاغ نے دمشق کے مضافات میں واقع دہشت گردوں کے ایک گودام کی تصاویر جاری کی ہیں جہاں بڑے پیمانے پر امریکی اور صیہونی اسلحے چھپائے گئے تھے۔ اس گودام کا انکشاف خان الشیخ علاقے میں ہوا ہے۔ ادھر شام کی فضائیہ نے بھی خان الشیخ کے اطراف میں واقع دہشت گردوں کی سرنگوں کو تباہ کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جبہۃ النصرہ اور احرار الشام جیسے دہشت گرد گروہ ان سرنگوں کا استعمال کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ دارالحکومت دمشق کے جنوب اور جنوب مغربی علاقوں میں فوج کی کارروائی پہلی اکتوبر سے شروع ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شام کی فوج نے خان الشیخ کالونی کے اطراف اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق، یہ آپریشن النصرہ دہشت گردوں کو حاصل ہونے والی حمایتوں کو منقطع کرنے کے لئے انجام دیا جا رہا ہے۔