جن دہشتگردوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا وہ اسمبلی میں پہنچ گئے ہیں، اشرف آصف جلالی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے جھنگ سے کالعدم تنظیم کے امیدوار کے انتخانی نتائج پر تبصرہ ہوتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ حکومت کی بغلوں میں چھپے دہشتگردوں کی وجہ سے آپریشن ضرب عضب اپنے حقیقی مقاصد کھو چکا ہے، جس نظام کے تحت شیڈول فور میں شامل شخص اسمبلی میں پہنچ جائے اس نظام سے بہتری کی کونسی توقع وابستہ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن دہشتگردوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا وہ حکومتی تعاون سے اسمبلی میں پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹیٹ کیخلاف بغاوت، افواج پاکستان کیخلاف قتل و غارت کی مبینہ کارروائیوں کے مرتکب اور ملک میں دہشتگردی کی سینکڑوں کارروائیوں میں ملوث تنظیم کے نمائندے کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینا حکومت عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن دہشتگردوں کیخلاف نیشنل الیکشن پلان کے تحت کارروائی کے دعوے کیے جاتے رہے تھے ان کیلئے الیکشن لڑنے کی اجازت، حکومتی آشیر باد اور ان کی کامیابی سے ثابت ہو گیا ہے نیشنل الیکشن پلان کا نام لے کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود دہشتگردوں کے سہولت کاروں نے نیشل الیکشن پلان کا رخ پرامن اہلسنت اور مساجد کے لاؤڈ سپیکروں کی طرف کر کے دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دے دی ہے، حکومت کی دہشتگردوں سے دوستی خودکش دھماکوں میں شہید ہونیوالے وکلاء، طلباء، زائرین اور دفاع وطن کی خاطر جان سے جانے فوجی جوانوں کے خون سے غداری ہے، فوجی قیادت دہشتگرددوں کے حامی نظام کا محاسبہ کرے۔