معاشرتی مسائل کا حل تعلیمات محمدی (ص) میں مضمر ہے، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جامع مسجد و امام بارگاہ باب الحوائج کورنگی میں عید میلاد النبیﷺ و امام جعفر صادق ؑ کی ولادت کے جلسے سے خطاب کے دوران علامہ محمد عون نقوی نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر مسلم دنیا تنزلی کا شکار ہے، چاروں طرف سے اسلام کو دہشت گردی کا دین قرار دیا جا رہا ہے، جس کا سبب تعلیمات محمدی ﷺ سے دوری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی اقتصادی اور معاشرتی مسائل کا حل صرف اور صرف محمد ﷺ و آل محمد ﷺ کی پیروی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے، پی ای آئے کو دیوالیہ کردیا گیا، صحت و صفائی کا نظام تباہ، مہنگائی اور بدعنوانی، عام عوام کو اپنی جانوں کا تحفظ نہ ہونا، دہشت گردی کا فروغ مسلک و مکتب کی بنیاد پر انسانوں کے قتل کی وجہ سے پاکستان کی ترقی متاثر ہو رہی ہے اور اسلام و ملک دشمن قوتوں نے ہمیں اصل ہدف سے ہٹا دیا جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ جشن سے مولانا رضا غفاری، مولانا آغا جعفر رضا، ڈاکٹر امداد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور سیرت اہلبیت ؑ پر روشنی ڈالی۔