دہشت گردی کا خاتمہ کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے قومی اداروں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے، سندھ حکومت کی طرف سے وفاق پر کالعدم جماعتوں کی حمایت کا الزام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت تحقیقاتی اداروں کو قومی ترقی اور امن و امان کے قیام کی بجائے انتقامی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں وحدت میڈیا سیل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات علی احمر زیدی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف صفوی، مختار دایو، ظفر جعفری اور ناصر حسینی بھی موجود تھے۔ علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے، کالعدم جماعتوں کے ساتھ حکومت کے معذرت خواہانہ رویہ نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا رکھا ہے، دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ساتھ لچک کا مظاہرہ کر کے حکمران اپنی رہی سہی ساکھ بھی تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کا زینہ عوام ہیں نہ کہ کالعدم مذہبی جماعتیں، حکومت کو چاہیئے کہ وہ عوام کو مضبوط کرنے کے لئے جامع منصوبہ سازی پر توجہ دیں، ملک کو کرپشن، بے روزگاری، غربت، دہشت گردی اور ناخواندگی جیسے مہلک مسائل سے نکالا جائے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ علامہ مختار امامی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر ادارے ملک کی بجائے حکمرانوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں، ملک کی اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے قومی احتساب بیورو کو کرپشن کا سہولت کار قرار دیا جانا لمحہ فکریہ ہے، کرپٹ عناصر سے کسی قسم کی رعایت برتنا ملک و قوم سے غداری ہے، تحقیقاتی اداروں کو سیاسی دباؤ سے جب تک آزاد نہیں کیا جاتا تب تک قانون کے نام پر سیاسی انتقام پروان چڑھتا رہے گا۔