حلب کے عوام صنعتوں کا پہیہ چلانے کے لیے سرگرم
شام کے شہر حلب کی دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزادی کے دو ہفتے بعد، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کی صنعتی رونقین بحال کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔
سیکڑوں کی تعداد میں شامی باشندے مشرقی حلب کے العرقوب انڈسٹریل زون پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے کارخانوں کی بحالی اور تعمیرنو کا کام شروع کر دیا ہے۔
شامی شہری لوڈروں اور فورک لفٹروں کی مدد سے علاقے سے ملبہ اور ریت کی بوریاں ہٹانے کا کام کر رہے ہیں تاکہ صنعتی سرگرمیاں پھر سے بحال کی جا سکیں۔
اطلاعات ہیں نوجوان شامی انجینیئروں نے، صنعتی آلات اور مشینوں کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔
چند روز قبل شام کے وزیراعظم عماد خمیس نے، عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ملک کے اہم ترین صنعتی مرکز حلب کی تعمیرنو اور بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
چار سال کے بعد مسلح مخالفین کے قبضے سے حلب کی آزادی کے بعد، شہر میں زندگی کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے اور اپنی بربادی سے قبل حلب شہر، شام کا سب سے اہم صنعتی مرکز شمار ہوتا تھا۔