اقوام متحدہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کروانے میں ناکام ہے، علی اویس
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کئے جارہے ہیں، عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، اقوام متحدہ بھی کشمیر عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علی اویس نے یوم کشمیر کے حوالے سے شہر بھر میں منعقد ہونے والے پروگرامات میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کشمیری عوام کی ہمت و جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، وہ وقت دور نہیں کہ جب کشمیری عوام کی اسقامت کے باعث بھارت کشمیر کو آزاد کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امیدوں کے مطابق حل کرنا ہے تو مسئلہ کشمیر کو سیاسی مسئلہ نہیں، بلکہ انسانیت کا مسئلہ سمجھنا ہوگا اور اس کے لئے امت مسلمہ اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری رکھی ہوئی ہے، طلبہ کو مظلومین جہاں بالخصوص کشمیری عوام کی صدائے احتجاج کو لوگوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدائے کشمیر کی یاد میں آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے جانب سے نمائش چورنگی پر چراغاں بھی کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔