دہشت گردی کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہو رہا ہے، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے سربراہ علامہ محمد عون نقوی نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ رضویہ سوسائٹی میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کا نام بدنام ہو رہا ہے، جو لوگ دین کا نام استعمال کرکے فسادات برپا کر رہے ہیں ان کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، اس سلسلے میں مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں اور ایسے عناصر سے برات کا اعلان کیا جائے جو اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے قتل و غارت گری کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں سے کہا کہ وہ اپنے عمل و کردار سے ظاہر کریں کہ اسلام امن کا دین ہے اور اس کے پیروکار دیگر مذاہب کی طرح پرامن اور اچھے کردار کے مالک ہیں۔ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں سے کہا کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔