یوم پاکستان، کراچی کے ساحل پر پہلی مرتبہ پاک فضائیہ کا شاندار فلائی پاسٹ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یوم پاکستان کے موقع پر شہر قائد میں ساحل سمندر پر پہلی مرتبہ پاک فضائیہ کا فلائی پاسٹ ہوا جس میں فضائیہ کے ماہر پائلٹس نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرکے عوام کے دل گرما دیئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو پر پاک فضائیہ کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر شاندار ائیر شو کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبی، میئر کراچی وسیم اختر اور پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
فلائی پاسٹ میں جے ایف 17 تھنڈر، میراج اور ایف سولہ کے چار، چار طیاروں کی ٹولیوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ 12 سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فلیئر اور رنگ پھینکتے جنگی جہازوں کی شاندار فارمیشن اور گھن گرج نے ماحول گرما دیا اور فلائی پاسٹ سے پہلے پاک فضائیہ کے جوانوں نے پیرا گلائیڈنگ میں اپنی مہارت بھی دکھائی۔ جنگی جہازوں کی گھن گرج سے سی ویو گونج اٹھا، پیشہ ورانہ مہارت کے شاندار مظاہرے اور جہازوں کے کرتب دیکھ کر شہری سحر زدہ ہوگئے۔