پانامہ کیس فیصلہ، لاہور کی سڑکوں پر بینرز کے ذریعے سخت پیغام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سپریم کورٹ کی جانب سےپانامہ کیس فیصلے کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی لاہور کی سڑکوں پر وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں بینرز آویزاں کرد ئیے گئے ہیں۔بینرز پر ”قائد تیرا ایک اشارہ ، حاضر حاضر لہو ہمارا“ کی عبارت درج ہے۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کے فیصلے کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی لاہور کی سڑکوں پر وزیر اعظم کی حمایت میں بینرز لگا دئیے گئے ہیں ۔ بینرز پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، ایم پی اے یاسین سوہل اور ایم پی اے نصیر احمد کی تصاویر ہیں جبکہ بینرز پر قائد تیرا ایک اشارہ، حاضر حاضر لہو ہمارا کی عبارت درج کی گئی ہے۔
بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ ایک واضح پیغام ہے جو مقتدر حلقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق فیصلہ وزیراعظم کے خلاف آنے کی صورت میں یہ بینرز تصادم کی صورتحال پیدا کرسکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ءجہانگیر ترین نے کہا کہ فیصلے سے پہلے بینرز لگانا سمجھ سے بالاتر ہے، فیصلے کے اعلان کے فوری بعد بینرز لگانے سے یوں محسوس ہورہا ہے کہ بینرز پہلے سے تیار تھے، ن لیگ تصادم کی راہ اختیار کر رہی ہے، انہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے اور تصادم کے راستے پر جانے سے گریز کرنا چاہیے۔