وی آئی پیز اور علماء سمیت اہم شخصیات کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور پولیس نے نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے وی آئی پیز، اعلیٰ پولیس افسران، مذہبی رہنماؤں سمیت اہم شخصیات کیساتھ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے "اسلام ٹائمز” کو بتایا کہ لاہور پولیس اس وقت نفری کی شدید قلت کا شکار ہے اور ضرورت کے مطابق تھانے میں اہلکار میسر نہیں۔ پولیس حکام نے نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے وی آئی پیز، اعلیٰ پولیس افسران، مذہبی رہنماؤں اور سیاست دانوں سمیت دیگر اہم شخصیات کیساتھ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سکیورٹی ڈیوٹیوں سے واپس آنے والے اہلکاروں کو مختلف تھانوں میں تعینات کیا جائے گا۔ لاہور پولیس حکام نے وی وی آئی پیز اور علما کرام سمیت جن افراد کے پاس اہلکار موجود ہیں ان کی لسٹیں تیار کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس پروٹوکول لینے والوں میں ایسے افراد کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جو پروٹوکول لینے کے مجاز بھی نہیں، لسٹیں ایس پی ہیڈ کوارٹر کو دے کر اہلکاروں کو واپس بلوانے کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس افسران کے مطابق پولیس نفری واپس آنے سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔