روحانی فکر کو جلا بخشنے کیلئے قرآن مجید کی طرف حقیقی معنوں میں رجوع کرنا ہوگا، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 23 سے 29 رمضان المبارک تک ”ہفتہ نزول قرآن“ کی مناسبت سے پروگراموں کا آغاز ہو گیا۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکواٹرز میں قرآن کانفرنسیں منعقد ہو رہی ہیں جن سے علماء و دانشوران قرآن کریم کی عظمت، حفاظت، فضلیت اور قرآن شناسی پر مقالہ جات کے ذریعہ سیر حاصل گفتگو کریں گے۔
عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے ”قرآن اخلاق و تربیت کامنبع“ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ ماہ صیام ہمارے لئے نعمت خداوندی ہے۔ عبادت و ریاضت کا یہ منظم شیڈول، رحمتوں اور بخششوں کا لامتناہی سلسلہ، فیوض و برکات کا تسلسل سے نزول ہمارے لئے اپنے نفوس کی طہارت کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ جس طرح غفلت اور کوتاہی کے سبب اس سے قبل گزرنیوالے رمضان المبارک ہم نے کچھ حاصل کئے بغیر گزارے یہ ماہ مبارک کے باقی ماندہ ایام ایسے نہ گزارے جائیں بلکہ اس کے فیوض و برکات کو سمیٹنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے اور شبہائے قدر سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ آج بھی اگر امت مسلمہ اپنے عقائد و نظریات کی اصلاح، اپنی زبوں حالی کے خاتمے اور اپنی روحانی فکر کو جلا بخشنے کیلئے قرآن مجید کی طرف حقیقی معنوں میں رجوع کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ اس کے تمام مسائل و مشکلات کا خاتمہ نہ ہو سکے، کیونکہ کتاب الہی ہر دور کے انسانوں اور بالخصوص مسلمانوں کے مسائل کی گتھیاں سلجھانے کے تمام تر نسخے اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں، جونہی ہم نے کلام خدا کی جانب خضوع و خشوع کیساتھ رغبت کی اور اس کے مفاہیم و معانی کو اپنے قلب و روح میں جگہ دی تو تمام تر مصائب و مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بارگاہ خداوندی میں اپنے گناہوں کی بخشش اور کلام خداوندی کیساتھ اپنا تمسک کرکے دعا و مناجات کے ذریعے اپنی کوتاہیوں کے ازالے کا رمضان المبارک سے بہتر اور کوئی موقع نہیں اور امام علی علیہ السلام نے بجا فرمایا کہ ”فرصت کے لمحات کو غنیمت جانو کیونکہ یہ بادلوں کی طرح جلد غائب ہو جاتے ہیں“، ایسے مبارک مہینے جس میں کتاب خدا کا نزول ہوا اور جس میں شبہائے قدر ہیں اپنے نفس کا محاسبہ کرکے ہم دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔