نواز شریف نے ملک کو دلدل میں پھنسا دیا ہے، ہم دنیا کی جنگ ہار رہے ہیں، آصف زرداری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ عمران خان ہماری پارٹی سے جانے والے گندے انڈوں کے ساتھ تصویریں تو کھنچوا رہے ہیں، لیکن انہیں الیکشن میں ٹکٹ نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ کے علاقے مورو میں تقریب سے خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ سیاست میں بہت دور تک سوچنا پڑتا ہے، اگر میں نے اپنے دور حکومت میں اقتدار منتخب نمائندوں کو نہ سونپا ہوتا، تو آج نواز شریف وزیراعظم نہیں صدر بنے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف چار سال میں 4 مرتبہ اسمبلی میں آئے ہیں، ان سے زیادہ تو اسمبلی میں محمد خان جونیجو مرحوم آتے تھے، کیا جمہوری وزیر اعظم ایسا ہوتا ہے، اگر یہی معیار رہا تو دوسرا وزیراعظم ایک بار آئے گا یا آئے گا ہی نہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو نے چین دوستی کی بنیاد رکھی، میں نے اسے آگے بڑھایا، ہم نے چین کی جانب اس لئے دیکھا کہ ہمیں اپنے ملک کا دفاع اور ترقی عزیز تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر صرف ایک ملک کو اعتراض ہے، جو نواز شریف کا یار ہے، نواز شریف نے ملک کو دلدل میں پھنسا دیا ہے، ہم دنیا کی جنگ ہار رہے ہیں، ہم نے کئی بار کہا کہ خارجہ پالیسی بنائی جائے اور وزیر خارجہ مقرر کریں، لیکن آپ نے ایک نہ سنی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دو سال پہلے مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں باقاعدہ وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں مودی کو گلے لگا رہی ہیں اور وزیراعظم نواز شریف مری میں جانوروں سے کھیلتے رہے۔
پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں جانے والے سیاستدانوں سے متعلق آصف زرداری نے کہا کہ اس خطے میں وڈیروں کا راج رہا ہے، انھوں نے عوام کی خدمت نہیں کی، لیکن اب بلاول اور آصفہ مستقبل کی قیادت ہیں، بیٹیاں ایک ٹوئٹ کرتی ہیں، جس پر انہیں اور پارٹی کو سوچنا پڑتا ہے کہ کسی شخص کو پارٹی میں شامل کریں یا نہیں، عمران خان نے سیاست کو مذاق بنایا ہوا ہے، ہمارے جو چھوٹے موٹے گندے انڈے ادھر ادھر جا رہے ہیں، عمران خان بھی ان گندے انڈوں کے ساتھ تصویریں کھنچوا رہا ہے، لیکن ان لوگوں کو وہ بھی ٹکٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوست پُرامید رہیں، اگلی فتح ہماری ہے۔