Uncategorized

یوم انہدام جنت البقیع، آئی ایس او طالبات کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)علامہ سید صادق رضا تقوی نے کہا ہے کہ مہذب اقوام اپنے آثار اور تاریخ کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بناتی ہیں، تاریخی اعتبار سے جنت البقیع کا احترام صدیوں سے مسلمانوں کے درمیان رائج رہا ہے، کسی زمانے میں شاید آلِ سعود کے اقدام سادہ لوح افراد کے سمجھنے کیلئے مشکل ہوں، لیکن مسلمانوں کے درمیان مُسلّم عقیدہ مہدویت کے خلاف بیان نے ان کی حقیقت خود ان کی زبان سے آشکار کر دی ہے، جنت البقیع میں مدفون ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب کی محترم اور مقدس شخصیات کی قبور کی تعمیر نو اور اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کیلئے ایک بین الاقوامی تحریک کا آغاز کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انہدام جنت البقیع کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ طالبات کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ عقیل انجم قادری، شازیہ امام و دیگر نے بھی خطاب کئے۔ اس موقع پر طالبات اور خواتین سمیت بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، آل سعود کی دہشتگردی مردہ باد سمیت جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں موجود اہلبیت رسول اور صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے مردہ باد امریکا اور اسرائیل نامنظور سمیت آل سعود کی دہشتگردی کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے، جبکہ امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

علامہ صادق تقوی کا کہنا تھا کہ آٹھ شوال 1344 ہجری کا دن تاریخ اسلام کا وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جب جنت البقیع کے مزارات مقدسہ کو منہدم و مسمار کیا گیا، امت مسلمہ کی خاموشی نے آج دشمنان اسلام کو اتنی جرأت اور ہمت بخشی کے نوبت کربلا، بغداد، مکہ اور شام کے مقدس مقامات سے لیکر اب فلسطینی مسلمانوں پر مظالم تک آن پہنچی ہے، مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور امریکی و اسرائیلی غلامی کی بدولت آج مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ جنت البقیع اور اس میں مدفون ہستیاں تاقیامت آنے والے انسانوں کو ظالموں اور جابر کے خلاف عَلم بغاوت بلند کرتے ہوئے مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتی آئی ہیں، 8 شوال تاریخِ انسانیت کا سیاہ ترین باب ہے کہ جب انسانیت کی خیر خواہ ہستیوں کی قبور کو درد ناک انداز میں مسمار کرکے اس پر بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان بیدار ہیں اور آل سعود کو دوبارہ تاریخ نہیں دہرانے دیں گے، کعبة اللہ اور روضہ رسولؐ کیلئے سنی شیعہ مسلمانوں کا بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کیلئے تیار ہے۔ مقررین نے حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں ازواج رسول اکرمؐ اور اہلبیت رسولؐ سمیت صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button