اسلامی عقائد کے تحفظ کیلئے بشارت عظمیٰ کانفرنسز ڈویژنل سطح پر کروانے کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی اور مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کی میزبانی میں عقائد اسلامی کے تحفظ اور وضاحت کیلئے بشارت عظمیٰ کانفرنسیں ڈویژنل سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 25 اگست کو بہاول پور، 26 اگست ڈیرہ غازی خان، 27 اگست ساہیوال عیدالاضحی کی چھٹیوں کے بعد 7ستمبر ملتان، 8 ستمبر گوجرانوالہ، 11 ستمبر راولپنڈی، 12 ستمبر سرگودھا اور 13 ستمبر فیصل آباد میں منعقد ہوں گی۔
وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جامعتہ المنتظر میں 2 اگست کی کامیاب اور موثر بشارت عظمی ٰ کانفرنس کے ذریعے عقائد تشیع کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ شرک کا مرتکب امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا شیعہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کانفرنسوں میں علما و ذاکرین، خطبا، بانیان مجالس اور ماتمی سنگتوں کے سالار شریک ہوں گے۔ ان کانفرنسوں میں توحید باری تعالیٰ کے بارے میں تبلیغ کرتے ہوئے واضح کیا جائے گا کہ مجالس عزا سنت زینبی اور تبلیغ کا بڑا ذریعہ ہیں۔ سٹیج حسینی سے کوئی ایسی بات نہ کی جائے، جو بنیاد ی عقائد اسلام، قرآن و سنت اور تعلیمات آئمہ معصومین کیخلاف ہو یا فرقہ واریت کا باعث بنے۔ کسی دوسرے مسلک کی دل آزاری ہمارا شعائر نہیں، اتحاد بین المسلمین کی فضا برقرار رہنی چاہیے۔