کراچی، آئی ایس او کی "مردہ باد امریکہ" ریلی پر پولیس کا وحشیانہ تشدد،
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادار ہ)شہر قائد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ ریلی نمائش چورنگی پر ایم اے جناح روڈ سے امریکن قونصلیٹ تک نکالی جا رہی تھی۔ تاہم پولیس نے امریکی قونصلیٹ سے 10 کلومیٹر دور نمائش چورنگی پر ہی راستے بند کر دیئے۔ مظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے آئی ایس او کی ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کر دی، جس کے بعد مظاہرین گلی محلوں میں پھیل گئے اور ہر طرف افراتفری کا عالم پیدا ہوگیا۔ سارا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ پولیس کے ظالمانہ اقدام کے بعد مظاہرین طیش میں آگئے اور وہ آگے بڑھنے پر مصر ہوگئے، جس کے بعد مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔ پولیس کیجانب سے پُرامن ریلی کو امریکی قونصلیٹ جانے سے روکنے کیلئے ریلی پر شدید لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، جبکہ مولانا احمد جعفری سمیت 12 سے زائد شرکاء اور کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جن کی رہائی کیلئے شرکائے ریلی نے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا دیا۔ تمام گرفتار شدگان کی رہائی کے بعد نمائش چورنگی پر جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا ہے اور مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ہیں۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ ملوث اہلکاروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔