مطالبات منظور، مجلس وحدت مسلمین نے لاہور میں ہونیوالا دھرنا منسوخ کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین نے لاہور میں سول سیکرٹریٹ کے باہر آج ہونیوالے احتجاجی دھرنے کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ مجلس نے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے علماء و ذاکرین اور مجالس پر پابندی کے اعلان کے بعد دھرنے کی کال دی تھی جس پر محکمہ داخلہ نے پابندی کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں علامہ مبارک علی موسوی اور سید اسد عباس نقوی کی قیادت میں وفد نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے ملاقات کی۔ وفد میں سید نوبہار شاہ، علامہ وقارالحسنین نقوی، خرم عباس نقوی، حسنین زیدی، رانا ماجد علی اور رائے ناصرعلی شامل تھے۔ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری کو ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے علماء و ذاکرین کو لائسنس لینے اور مجالس اور جلوس کی رجسٹریشن سے متعلق اقدامات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر آئینی غیر قانونی اقدامات ہے، جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے، حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے وفد کو وضاحت دیتے ہوئے "ایکسپریس” اخبار میں چھپنے والی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کوئی بھی ایسے احکامات جاری نہیں کیے، ہم ذرائع ابلاغ میں اس مبہم خبر کی وضاحت اور حکومت سے منسوب خبر کی تردید کریں گے، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے سول سیکرٹریٹ پر ہونیوالے احتجاجی دھرنے کی منسوخی کو حکومت پنجاب کی طرف سے متنازعہ خبر کی واپسی یا تردید کیساتھ مشروط کر دیا تھا۔ تاہم آج اخبارات میں حکومت کی جانب سے تردید کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے ہونیوالے احتجاجی دھرنے کی منسوخ کر دیا ہے۔