عزاداری کے انعقاد پر مقدمات، شیعہ علماء کونسل نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پنجاب نے صوبے کے مختلف مقامات پر عزاداری سید الشہدا میں پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے رکاوٹوں اور ایف آئی آرز کے اندراج کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ اس حوالے سے رٹ پیٹیشن صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں سینئر وکیل چودھری ارشاد احمد چیمہ نے دائر کر دی۔ رٹ کیساتھ گذشتہ 3 سال سے مختلف اوقات میں درج 60 سے زائد ایف آئی آرز کی کاپیاں بھی لف کی گئی ہیں۔
شیعہ علما کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، صوبائی لیگل ایڈوائزر عامر علی بھٹی، ضلعی صدر شوکت علی اعوان، ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی شاہ، صغیر عباس ورک اور دیگر رہنما بھی درخواست گزار کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ عزاداری ہمارا شہری اور آئینی حق ہے، مگر پنجاب میں متعدد مقامات پر مجالس عزا اور جلوسوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، حتی کہ چاردیواری کے اندر مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور گھروں میں منعقد ہونیوالی خواتین کی مجالس کو روکا گیا، جن لوگوں نے اپنا شہری حق استعمال کرتے ہوئے مجالس منعقد کیں تو پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔ عزاداروں کو خوفزدہ کرنے کیلئے 16 ایم پی او کے تحت گرفتاریاں کی گئیں، فورتھ شیڈول میں شریف شہریوں کو ڈالا گیا۔ تھانوں میں بلوا کر بانیان مجالس اور ذاکرین کیساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے ضلعی افسران کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے، امید ہے کہ عدالت ہمارے ساتھ انصاف کرے گی۔